لکھنؤ، 30 ؍نومبر (ایس او نیوز) ناظم ندوۃ العلماء و صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا محمد رابع حسنی ندوی کے ہاتھوں حضرت مولانا محمد احمد پرتاپ گڑھی کا مجموعہ کلام عرفان محبت کا اجراء گذشتہ روز عمل میں آیا۔ مولانا سید سحبان ثاقب ندوی کی تکمیل و تشریح شدہ کتاب شبستان محبت المعروف عرفان محبت کا اجراء کرتے ہوئے مولانا رابع حسنی ندوی نے فرمایا کہ حضرت مولانا محمداحمدپرتاپ گڑھی اپنے زمانہ کے ایک بڑے بزرگ تھے وہ عارف باللہ اور ولی کامل تھے اللہ تعالیٰ نے ان کو بامقصد شاعری سے بھی نوازا تھا۔ مولانا نے کہا کہ مولانا محمداحمد پرتاپ گڑھی کی زندگی زہد و تقویٰ، دعوت و اصلاح باطن کا اعلیٰ نمونہ تھی۔
پروگرام میں شریک دارلعلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے مہتمم مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی نے کہا کہ حضرت مولانا محمد احمد پرتاپ گڑھی کا شعری مجموعہ عارفانہ کلام پر مشتمل ہے، اس سے اللہ کی معرفت حاصل ہوتی ہے، اس میں بڑی سادگی اور اثر انگیزی ہے۔ انہوں نے مولانا سید سحبان ثاقب ندوی کو اس بات پر مبارکباد پیش کی کہ انہوں نے حضرت مولانا محمد احمد پرتاپ گڑھی کے شعری مجموعہ کلام کے پہلے ایڈیشن جو مکتبہ فردوس مکارم نگر سے شائع ہوا تھا، اُس کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ اضافے کے ساتھ اور اشعار کی تشریح کرتے ہوئے پیش کی ہے، جس
کے لئے وہ مبارکبادی کے مستحق ہیں۔
اس موقع پر ندوۃ العلماء کے معتمد تعلیم محدث جلیل مولانا ڈاکٹر تقی الدین ندوی اور کتاب کے ناشر محترم ناصر تقی الدین ندوی نے بھی اپنے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مولوی سحبان ثاقب ندوی کی ستائش کی اور اُنہیں مبارکبادی سےنوازا۔ مولانا عبدالعزیر بھٹکلی ندوی، مولانا سید جعفر مسعود ندوی، مولانا اسماعیل بھولا ندوی، جناب الحاج شاہد حسین ، مولانا محمد عثما ن ندوی، مولانا شمیم احمد ندوی ، مولانا قاری محمد ریاض مظاہری، مولانا عبدالسلام ندوی، مولانا فیصل احمد ندوی، مولانا محمد فرمان ندوی، مولانا عبداللہ ندوی ، مولانا وثیق ندوی ، محمد ریان ندوی ، حافظ مصباح الدین، محمد عفان ندوی ودیگر کئی اہم شخصیات بھی پروگرام میں موجود تھے۔